کابل ،واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ نے افغان فورسز کی درخواست پر اپنے اعلانات پر نظرثانی کرتے ہوئے افغانستان سے امریکی فوج کی تعداد میں کمی نہ کرنے اور انخلا کو سست کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی دفاعی اہلکارنے بتایا کہ افغان فورسزکی جانب سے امریکی صدر سے فی الحال افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد میں کمی نہ کرنے کی درخواست کی گئی تھی، افغانستان میں اس وقت 10 ہزارامریکی فوجی تعینات ہیں جن کی تعداد رواں سال دسمبر میں 5500 تک لائی جانی ہے اور2016کے آخر تک تمام امریکی افغانستان سے واپس چلے جائیں گے اور اس سلسلے میں وائیٹ ہاﺅس میں چند روز میں اہم اجلاس متوقع ہے ۔
امریکی دفاعی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پربتایاکہ ابھی اس بارے حتمی فیصلہ نہیں ہوا تاہم اشارے واضح ہیں کہ اس سال فوج کی تعداد میں کمی مقررہ حد تک نہیں کی جائیگی، اس سال ممکنہ طور پر صرف دوہزار تک فوجی واپس بلائے جائینگے۔
اہلکار کا کہنا تھا کہ ممکنہ فیصلے کی وجہ افغانستان میں دولت اسلامیہ کے بڑھتے اثرورسوخ پرکابل اور واشنگٹن کے خدشات ہیں جبکہ امریکی کمانڈروں نے بھی ملک میں امریکی افواج کی تعداد میں کمی نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

No comments:
Post a Comment