لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ، بارش کے نتیجے میں چھتیں گرنے اور گیس لیکج کے باعث مختلف علاقوں میں بچوں اور خواتین سمیت 9افراد جاں بحق اورنرس سمیت کئی زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے میں شاہدرہ میں ماچس فیکٹری کے قریب جانوروں کے باڑے کی چھت گرنے سے تین افراد دب گئے جنہیں مقامی لوگوں نے اپنی مددآ پ کے تحت نکالناشروع کردیااور جلد ہی ریسکیوٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ۔ ملبے تلے دب کر سات سالہ ادریس اور 55سالہ انور جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا، لاشوں اور زخمیوں کو ریسکیوٹیموں نے ہسپتال منتقل کردیا۔
گنگارام ہسپتال کی ایمرجنسی میں آئی سی یو کے ایک حصے کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں وہاں موجود نرس زخمی ہوگئی تاہم مریض محفوظ رہے ۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق آئی سی یو میں 10مریض داخل تھے ۔
مہمندایجنسی کی تحصیل صافی کے علاقے سندوخیل میں چھت گرنے سے چار بچے اور ایک خاتون ملبے تلے دب گئی جس کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق اور خاتون سمیت بچے زخمی ہوگئے ، ہسپتال میں علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے خاتون بھی چل بسی جبکہ دوزخمی بچوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے ۔
کرک کے علاقے کوہ میدان میں گھر کی چھت گرنے سے ایک بچی جاں بحق اور دوخواتین زخمی ہوگئیں ۔ ڈونگہ بونگہ کے محلہ مہاجرین میں گھر کی چھت گرنے سے ماں بیٹی جاں بحق اور باپ بیٹے سمیت تین افراد زخمی ہوگئے ۔
کوئٹہ میں نادرآباد کے علاقے مری آباد میں پراسراردھماکے کے نتیجے میں گھر کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں دوبچے او رایک خاتون جاں بحق اور تین بچے زخمی ہوگئے ۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی بچوں کی عمر تین سے 10سال ہے ۔
ریسکیوذرائع کے مطابق دھماکہ گیس لیکج کے باعث ہوا، خاتون نے علی الصبح ناشتہ بنانے کیلئے جیسے ہی ماچس جلائی تو دھماکہ ہوگیاجس کے نتیجے میں مکان کی چھت بیٹھ گئی ۔

No comments:
Post a Comment